بھٹکل 23/ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے جمعرات کو اچانک بھٹکل سب۔ رجسٹراردفتر کا دورہ کرتے ہوئے عوام کی ان شکایتوں پر سب رجسٹرارآفسر کو آڑے ہاتھ لیا کہ یہاں دلالوں کا راج چلتا ہے اور دلالوں کو ہی یہاں اہمیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے آفسر کو بتایا کہ اُنہیں عوام کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ یہاںعوام آتے ہیں تو اُن کا کام نہیں ہوتا، البتہ دلال کے ذریعے لوگ اپنا کام آسانی سے کروالیتے ہیں۔دفتر میں کسی بھی سرکاری اسکیم سے فائدہ اٹھانے میں عوام کو بڑی دقت ہورہی ہے۔
انہوں نے جمعرات کے دن بائیلور، کائیکنی، مٹّھلی اور کوپّا پنچایت کے 11مستحق خاندانوں کا ' بسوا وستی یوجنا' (رہائشی اسکیم) کے تحت رجسٹریشن کے لئےآنے پر اُن کا کام نہ ہونے پر سوال اُٹھایا اور کہا کہ یہ بات اُنہیں اخبار میں شائع رپورٹ سے معلوم ہوئی ہے۔ اخباروں میں اس دفتر میں ہورہی بدنظمی کے تعلق سے رپورٹیں شائع ہورہی ہیں، جس پر عوام میری (رکن اسمبلی) کی کھینچائی کررہی ہیں کہ رکن اسمبلی کے ہوتے یہاں عوام پریشان ہیں۔
اس موقع پرسب رجسٹرارآفسرراجیشوری ہیگڈے نے نیٹ ورک پرابلم ہونے کا سبب بیان کرتے ہوئےاُنہیں مطمئن کرنے کی کوشش کی، مگر رکن اسمبلی نےسخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سوال کیا کہ نیٹ ورک میں خرابی ہونے کی وجہ سے صرف غریبوں کو ہی واپس کیوں بھیجا جاتا ہے، ایجنٹ حضرات نیٹ ورک میں خرابی ہونے کے بائوجود اپنا کام کیسے کروالیتے ہیں ؟
رکن اسمبلی نے بتایا کہ آپ لوگوں پر اعتماد کرکے لوگ دفتر آتے ہیں، انہوں نے تاکید کی کہ عوام کے اعتماد کو دھکا نہ پہنچنے پائے۔ آئندہ دور دراز دیہاتوں سے آنے والے غریبوں کے کاموں کو لے کر بلاوجہ تاخیرنہیں ہونی چاہئےاور کسی بھی طرح کی غفلت کی شکایت نہیں ملنی چاہئے، انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عوام کودفتر کےچکر کاٹنے نہیں پڑنے چاہئے۔ اگر کمپوٹر خراب ہوتا ہے، تو اُس کی مرمت کی جائے، نیٹ ورک میں خرابی ہے تو اُس کا بھی حل تلاش کیاجائے، کمپوٹر کم ہیں تو مزید کمپوٹر درکا ر ہونے کا ایک پروپوسل مجھے تحریری طور پر دیں، میں زائد کمپوٹر کا انتطام کرنے کے لئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سب رجسٹرار دفتر عوام کی آسانی کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ اگر آپ سے کام نہیں ہوتا تو بتائیں۔
اس موقع پر رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے غریبوں کے لئے سہولت پید اکرنے کے لئے دفتر کے عملے کو ہدایات دیں کہ صبح سے دوپہر 2 بجے تک سرکاری منصوبہ جات آشریہ اسکیم سمیت دیگر منصوبہ جات کے تحت دئیے گئے گھروں کی رجسٹریشن کا کام کریں اور بقیہ دن میں عوامی جائیدادوں کے رجسٹریشن وغیرہ کاکام کریں۔

رکن اسمبلی کا گرلس ہوسٹل کا اچانک دورہ: سب رجسٹرار دفتر کا دورہ کرنے کے بعد اچانک رکن اسمبلی نے قریب میں واقع بی سی ایم پری میٹرک گرلز ہاسٹل کا دورہ کیا اوروہاں کی بدانتظامی دیکھ کر حیران ہوگئے طالبات سے راست گفتگو کرتے ہوئے اُن کے مسائل کے تعلق سے جانکاری حاصل کرنے کے بعد وہاں پر طالبات کے لئے کھانے اور پانی کا مناسب انتظام نہ ہونے کی بات سامنے آنے پر ذمہ دار افسران کو سخت کھری کھوٹی سنائی۔ اس موقع پر طالبات نے کھانے میں دی جانے والی غذاؤں اور حفاظتی اقدامات کے متعلق بے اطمینانی کا اظہار کیا تو رکن اسمبلی نے طالبات کو یقین دلایا کہ پہلی فرصت میں اس کا حل کریں گے۔
بعد میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے بتایا کہ ہوسٹل میں جس طرح کی بد انتظامیہ ہے، اس میں عوامی نمائندوں کی بھی اپنی کوتاہی ہے۔ میں خود دوسری مصروفیات کی وجہ سے اس طرف دھیان نہیں دے سکا تھا ۔ہم یہ سمجھ رہے تھے کہ افسران صحیح ڈھنگ سے کام کررہے ہونگے۔ مگر یہاں پہنچ کر پتہ چلا کہ یہاں کیا کیا تکلیفات ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ ان تمام بد انتظامیوں کو درست کیا جائے گا۔
اس موقع پر رکن اسمبلی کے ساتھ اترکنڑاضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، تعلقہ پنچایت صدر ایشور نائک، نائب صدر رادھا اشوک وئیدیا، اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمن وشنو دیواڑیگا، ضلع پنچایت ممبر البرٹ ڈیکوستھا، سندھو بھاسکرنائک، ناگما ماستی گونڈ، تعلقہ پنچایت ممبر جئے لکشمی گونڈ، میناکشی نائک، مہابلیشور نائک وغیرہ موجود تھے۔
ساحل آن لائن کی وڈیو نیوز مورخہ 22 ستمبر جس میں رکن اسمبلی منکال وئیدیا کے اچانک سب رجسٹرار دفتر اور گرلز ہوسٹل دورہ کی رپورٹ بھی شامل ہے: